عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات، آگاہی واک کا انعقاد
محکمہ صحت کے ملازمین، سٹاف اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت چیف آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شہباز، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آگاہی عبدالجبار اور محکمہ صحت کے دیگر افسران نے کی۔ واک کا آغاز ہیلتھ آفس سے کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کے ملازمین، سٹاف اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیف آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شہباز نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات بچوں کو مختلف مہلک بیماریوں سے بچانے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور ہر والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات مہم 30 اپریل تک جاری رہے گی، جس کے دوران عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسدادِ امراض کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج مزید بہتر بنائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کو نظر انداز نہ کریں۔واک کے شرکاء نے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جن پر آگاہی پیغامات درج تھے۔