ٹوبہ :سوشل انفلوئنسرز اور علما کا اجلاس، عوامی آگاہی پر زور
عوامی آگاہی، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے گفتگو
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ صحت و آبادی کے زیر اہتمام تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سوشل انفلوئنسرز اور علمائے کرام کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن آفیسر میاں محمد نعیم کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ آئی ای سی میاں عبد الرؤف نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران عوامی آگاہی، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، بہتر معاشرتی رہنمائی اور فلاحی خدمات کے حوالے سے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔
اسسٹنٹ آئی ای سی میاں عبد الرؤف نے کہا کہ عوام تک درست معلومات پہنچانے میں علمائے کرام، سوشل انفلوئنسرز اور میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے ، کیونکہ مثبت سوچ اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے بااثر شخصیات کی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن آفیسر میاں محمد نعیم کی قیادت میں محکمہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے ۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ معاشرے کی بہتری، خاندانوں کی خوشحالی اور صحت مند نسل کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔