صنعتوں کی شہر سے باہر منتقلی کے پلان پر پیشرفت جاری
شرکاء کا صنعتی منتقلی کے منصوبے کو مؤثر اور بروقت مکمل کرنے پر زور
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فیصل آباد کے شہریوں کو آبی و فضائی آلودگی سے بچانے کے لیے صنعتوں کو شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کے منصوبے پر پیشرفت کا سلسلہ جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز محمد عرفان، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول عثمان اظہر اور تاجر و صنعتکاروں نے شرکت کی۔اجلاس میں صنعتوں کی مرحلہ وار شہر سے باہر صنعتی زونز میں منتقلی کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء نے صنعتی منتقلی کے منصوبے کو مؤثر اور بروقت مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ شہری علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔