غیر قانونی سکیورٹی گیٹس شہریوں کیلئے مشکلات کا سبب، راستے بند، ایمرجنسی سروسز متاثر
مختلف رہائشی علاقوں میں بااثر افراد کی جانب سے پختہ آہنی گیٹس نصب کر کے گلیوں کو بند کر دیا گیا ،شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں کی تشویش
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی کے نام پر نصب کیے گئے غیر قانونی آہنی گیٹس شہریوں اور راہگیروں کے لیے شدید مسائل کا سبب بننے لگے ہیں۔ ان گیٹس کی وجہ سے گلیاں اور راستے بند ہونے سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے مختلف رہائشی علاقوں میں بااثر افراد کی جانب سے سکیورٹی کے نام پر پختہ آہنی گیٹس نصب کر کے مبینہ طور پر گلیوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
ان علاقوں میں ستیانہ روڈ سے ملحقہ رچنا ٹاؤن، بٹالہ کالونی، پیپلز کالونی نمبر 1 و 2، ڈی گراؤنڈ، جڑانوالہ روڈ، کینال روڈ، گلبرگ، جناح کالونی، ڈی ٹائپ کالونی، سمن آباد، نثار کالونی، عاصم ٹاؤن، رضا آباد، افغان آباد، گلفشاں کالونی، شاداب کالونی، منصور آباد، ڈپو بازار، جھمرہ روڈ اور جھنگ روڈ سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ان گیٹس کے باعث انہیں اپنے گھروں تک پہنچنے کے لیے اضافی چکر لگانے پڑتے ہیں، جبکہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ جیسی ایمرجنسی سروسز کو بھی شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان غیر قانونی گیٹس کو فوری طور پر ختم کیا جائے یا ان کے کھولنے اور بند کرنے کے لیے باقاعدہ نظام وضع کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات کم ہو سکیں۔