ہسپتالوں میں گارڈز کی نذرانہ وصولی، شہری پریشان
نذرانہ نہ دینے کی صورت میں بعض سکیورٹی گارڈز وارڈز میں داخلے سے روک دیتے ہیں ،اور شہریوں کے ساتھ بدتمیزی اور ہراسانی کے واقعات بھی ہو نے لگے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین سے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرنے اور ناروا رویہ اپنانے کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق الائیڈ ہسپتال، سول ہسپتال، گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ حسیب شہید ہسپتال اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سمیت مختلف ہسپتالوں میں تعینات سکیورٹی اہلکار مریضوں کی عیادت کے لیے آنے والے افراد سے ہر بار مبینہ طور پر نذرانے وصول کرتے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ نذرانہ نہ دینے کی صورت میں بعض سکیورٹی گارڈز وارڈز میں داخلے سے روک دیتے ہیں اور شہریوں کے ساتھ بدتمیزی اور ہراسانی کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ مختلف مواقع پر جھگڑوں اور ہاتھا پائی کی ویڈیوز اور شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔شہریوں کے مطابق شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں نگرانی کا نظام سخت کیا جائے اور ملوث سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔