سدھار کے بیشتر علاقوں میں صفائی کی صورتحال ابتر ،عملہ غائب
جگہ گندگی اور کوڑے کے ڈھیر،شہریوں کا اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا)تحصیل صدر یونین کونسل 168سدھار کے بیشتر علاقوں میں صفائی کی صورتحال ابتر ،جگہ جگہ گندگی کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ۔ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ستھرا پنجاب مہم کے تحت کام کرنے والی ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث رہائشی علاقوں کے خالی پلاٹس کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی عملہ 68 موڑ،سید ٹائون،ملک آباد،صدیقیہ کالونی اور اطراف کے دیگر کئی علاقوں سے ہفتوں تک کوڑا اٹھانے نہیں آتے جسکے باعث علاقہ مکین قریبی خالی پلاٹوں میں کوڑا پھینکنے پر مجبور ہیں جس سے جگہ جگہ جمع کچرے سے اٹھنے والی بدبو نے ماحول کو آلودہ کر دیا ہے ، گندگی کے انبار مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں،جس سے ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ملک عبدالرشید الرشید،امجد مغل،ملک لیاقت،سید حامد شاہ،شہباز شاہ،مہر منظور رضا غفاری،اللہ رکھا انصاری،رمضان ملک اور دیگر نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدر اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری اقدامات کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔