فیصل آباد میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ایکسپوسینٹر بنانے کا فیصلہ

فیصل  آباد میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ایکسپوسینٹر بنانے کا  فیصلہ

فیڈمک میں 50ایکڑ پردو ارب سے ایکسپو سینٹر تعمیرہوگاجہاں مصنوعات کی نمائش کی جاسکے گی ،منصوبہ صنعتی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا:فاروق یوسف

فیصل آباد (نیوز رپورٹر )پنجاب حکومت نے فیصل آبادمیں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ایکسپو سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا جس کیلئے انڈسٹریل ایریا فیڈمک میں 50 ایکڑ پر محیط اراضی کا انتخاب کر لیا گیا جہاں ایکسپو سینٹر تقریباً دو ارب کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا اور یہاں صنعتکار و دیگر کاروباری افراد مختلف مصنوعات کی نمائش کر سکیں گے اور اس دوران بین الاقوامی خریدار بھی یہاں آ کر اشیا کی خریداری کیلئے آرڈرز کر سکیں گے ۔ فیصل آباد کے صنعتکاروں نے حکومت کے اس فیصلہ کو خوش آئند کہتے ہوئے اسے صنعت و تجارت کیلئے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے ۔ اس حوالے سے صدر چیمبر آف کامرس شیخ فاروق یوسف نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے کہا حکومت کا یہ منصوبہ فیصل آباد کی صنعتی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ایکسپو سینٹر سے صنعتکاروں کو انکی تیار کردہ مختلف مصنوعات بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈسپلے کرنے کا مستقل پلیٹ فارم ملے گا۔ جس سے نا صرف نئے ملکی و غیرملکی خریداروں تک رسائی آسان ہوگی بلکہ برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگااورفیصل آباد کی صنعت کو فروغ ملے گا ۔منصوبہ کی جلد تکمیل کیلئے چیمبر بھی ہر ممکن قردار ادا کرے گا۔اس حوالے سے دیگر صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ فیڈمک میں ایکسپو سینٹر کا قیام یہاں کی ٹیکسٹائل انڈسٹریز ، انجینئرنگ اور دیگر صنعتوں کو عالمی منڈی میں نمایاں مقام دلائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں