ایف ڈی اے میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع
بجٹ تجاویز میں کفایت شعاری اور مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کی ہدایت تمام شعبے فوری بجٹ تجاویز فنانس ونگ کو ارسال کریں:قیصر عباس رند
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چودھر ی کی ہدایات پر ادارے کے آئندہ مالی سال 27-2026 کے لیے بجٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سالانہ بجٹ کی تیاری، مالی نظم و ضبط، ریونیو اہداف اور ترقیاتی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ مالی سال کے بجٹ پر عملدرآمد، آمدن و اخراجات اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ رواں مالی سال کے اختتام تک تمام مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تیز رفتار اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ تمام شعبہ جات فوری طور پر اپنی بجٹ تجاویز مرتب کرکے شعبہ فنانس کو ارسال کریں تاکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بروقت اور مؤثر انداز میں تیار کیا جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی کفایت شعاری پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام بجٹ تجاویز کو مکمل طور پر ریشنلائز رکھا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے گریز یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سالانہ بجٹ کو شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر، عوامی سہولیات اور ادارہ جاتی سروسز میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے شعبہ فنانس سمیت تمام دیگر شعبوں کے افسروں کو ہدایت کی کہ بجٹ تجاویز کی تیاری میں تکنیکی مہارت اور بہترین مالیاتی منصوبہ بندی کو بروئے کار لایا جائے تاکہ ادارے کے ترقیاتی اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔