جھنگ روڈ پینسرہ: سیوریج کا بدترین مسئلہ، شہری اذیت میں مبتلا

 جھنگ روڈ پینسرہ: سیوریج کا بدترین مسئلہ، شہری اذیت میں مبتلا

نعمت آباد روڈ اور ملحقہ علاقے گندے پانی میں ڈوب گئے ، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

پینسرہ (نمائندہ دنیا) فیصل آباد کی مصروف بین الاقوامی شاہراہ جھنگ روڈ پر واقع نعمت آباد روڈ، بھٹہ اسٹاپ اور ملحقہ آبادیاں عرصہ دراز سے سنگین سیوریج مسئلے کا شکار ہیں، تاہم واسا، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی جانب سے تاحال مؤثر اقدامات نہ ہونے پر شہری شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق ماڈل بازار سے لے کر نعمت آباد روڈ، بھٹہ اسٹاپ، پٹھان والا چوک اور گردونواح کی گلیاں مسلسل گندے پانی میں ڈوبی رہتی ہیں، جبکہ مین جھنگ روڈ پر بھی نکاسی آب کا پانی ندی نالے کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تعفن اور گندگی نے معمولات زندگی مفلوج کر دیے ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔مقامی افراد کے مطابق گزشتہ روز نکاسی آب کے لیے مشینری لگائی گئی تھی جس سے امید پیدا ہوئی تھی کہ مسئلہ حل ہو جائے گا، تاہم کسی اعلیٰ افسر کے دورے کے بعد مشینیں اور گاڑیاں ہٹا لی گئیں،

جس کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مختلف سماجی و سیاسی حلقے بارہا احتجاج کر چکے ہیں اور حکام کو آگاہ بھی کیا گیا ہے ، لیکن واسا حکام اور ضلعی انتظامیہ صرف طفل تسلیوں پر اکتفا کر رہے ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سیوریج کے کھڑے پانی سے بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جبکہ نمازیوں، طلبہ، خواتین اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے ، مستقل نکاسی آب کے نظام کی بحالی اور غفلت کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں