ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ، نئے ہسپتال بنانے کا مطالبہ
طبی عملہ اور ملازمین بھی شدید ذہنی دباؤ اور مسائل سے دوچار ہیں:رانا منور
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)چیئرمین ینگ پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن پنجاب رانا منور منج نے کہا ہے کہ شہر کے تمام سرکاری ہسپتال اپنی استعداد سے زیادہ مریضوں کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں، جس کے باعث نہ صرف مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ طبی عملہ اور ملازمین بھی شدید ذہنی دباؤ اور مسائل سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو مزید بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے فیصل آباد کے تمام اہم بائی پاسز پر نئے سرکاری ہسپتال تعمیر کرے تاکہ بیرونِ شہر سے آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے ۔ اس اقدام سے شہر کے دیگر ہسپتالوں پر مریضوں کا بڑھتا ہوا دباؤ بھی کم ہوگا اور عوام حکومتی طبی سہولیات سے بہتر انداز میں مستفید ہو سکیں گے ۔رانا منور منج نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور ملازمین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر فیصل آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو 24 گھنٹے فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ شعبہ بیرونِ مریضاں کے شب و روز کھلے رہنے سے شہری کسی بھی وقت علاج معالجہ اور طبی مشاورت کی سہولت حاصل کر سکیں گے ، جس سے ہسپتالوں میں رش کم کرنے اور طبی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔