پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لٹر مقرر کی جائے :جماعت اسلامی
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لٹر کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا خاتمہ کیا جائے اور پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لٹر مقرر کی جائے ۔ضلعی امیر جماعت اسلامی چودھری محمد سلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو عالمی منڈی میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کرنا چاہیے ۔ ان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 22 روپے نہیں بلکہ 122 روپے فی لٹر تک نمایاں کمی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود حکومت عوام کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ، جو موجودہ معاشی حالات میں انتہائی تشویشناک امر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت آئندہ دو برس کے لیے پٹرول کی زیادہ سے زیادہ قیمت 250 روپے فی لٹرمقرر کر دے تو اس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور قومی آمدنی کے مقررہ اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔