عید پر مثالی انتظامات، ضلعی و پولیس انتظامیہ کو خراجِ تحسین
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز نے بھی انتھک محنت کرتے اہم کردار ادا کیا: محمد آصف
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی کوآرڈینیٹر (پولیٹیکل ونگ) و رکن ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور امن و امان کے بہترین انتظامات پر ضلعی و پولیس انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی نگرانی میں شہر کی صفائی کے شاندار انتظامات کیے گئے ، جبکہ سی پی او فیصل آباد کی قیادت میں پولیس نے عیدالاضحیٰ کے دوران مثالی سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے ۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز نے انتھک محنت کرتے ہوئے شہر کو آلودگی اور تعفن سے پاک رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے قیامِ امن کے لیے قابلِ تحسین خدمات سرانجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 102 کے زیرِ اہتمام جامعہ دارالرحمت، کریم ٹاؤن میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی اور پولیس انتظامیہ نے اپنی عید کی خوشیاں شہریوں کے لیے قربان کرکے عوامی خدمت کی روشن مثال قائم کی ہے ۔پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے مزید کہا کہ شہر کی فلاح و بہبود اور خوبصورتی کے لیے کردار ادا کرنا حکومت اور عوام دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔