محرم الحرام میں امن و امان کیلئے اتحاد بین المسلمین کانفرنس
امن، رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلے میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔وفد کی قیادت صوبائی خطیب محکمہ اوقاف پنجاب مولانا مختار احمد ندیم نے کی۔ اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی، ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔ وفد میں صاحبزادہ حافظ محمد امجد، مفتی محمد ضیا مدنی، زاہد محمود قاسمی، مولانا ریاض کھرل اور مولانا نصر اللہ شامل تھے ۔اتحاد بین المسلمین کانفرنس میں ڈویژن بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جید علما کرام نے شرکت کی اور محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی ذات اقدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مرکز ہے اور تمام مسلمان قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اتفاق و اتحاد کو فروغ دیں۔