35 جوڑوں کی اجتماعی شادی، کمشنر مسرت جبیں کی شرکت
وزیراعلیٰ پنجاب کے پنجاب دھی رانی پروگرام پر عملدرآمد جاری:کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) مدینہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 35 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب مقامی مارکی میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں خطبہ نکاح کے بعد نوبیاہتا جوڑوں کی خوشحال ازدواجی زندگی کے لیے دعا کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے ، جبکہ مدینہ فاؤنڈیشن کی جانب سے معاشی مشکلات کے دور میں اجتماعی شادیوں کا انعقاد ایک قابلِ ستائش اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ فلاحی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے شادی شدہ جوڑوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کے تحائف اور جہیز پیکیج کی فراہمی بھی مدینہ فاؤنڈیشن کا احسن اقدام ہے ۔کمشنر نے کارِ خیر میں خدمات پر مدینہ فاؤنڈیشن کو مبارکباد بھی پیش کی۔تقریب میں ریکٹر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، خالد محمود، دلہا و دلہن کے اہلِ خانہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر والدین کے چہروں پر خوشی اور تشکر کے جذبات نمایاں تھے ۔