عید کے بعد گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان
لو گ ایل پی جی،متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ، مہنگے داموں بازار سے کھانا خریدنا پڑ رہا ،انتہائی کم پریشر ، بھاری بلوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عید ایام کے بعد سوئی گیس حکام کی جانب سے دوبارہ طویل اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔رہائشی علاقوں میں روزانہ 18 گھنٹے سے زائد گیس کی بندش کے باعث گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث وہ ایل پی جی اور دیگر متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں جبکہ مہنگے داموں بازار سے کھانا خریدنا بھی ان کی مجبوری بن چکا ہے ۔دوسری جانب صارفین کو ہر ماہ بھاری بلز بھی موصول ہو رہے ہیں جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ گیس کی بندش کے باوجود بلز کی بھرمار نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق عید کے دوران گیس کی فراہمی نسبتاً بہتر رہی، تاہم عید کے فوراً بعد صورتحال دوبارہ خراب ہو گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں صرف 6 سے 8 گھنٹے گیس فراہم کی جاتی ہے ، وہ بھی انتہائی کم پریشر کے ساتھ، جس سے گھریلو کام متاثر ہوتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور بلا تعطل اور مناسب پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔