سی پی او کی وکلا سے ملاقات ،کچہری کی سکیورٹی پر مشاورت
تنویر حسین کی سی سی ڈی افسروں سے بھی میٹنگ ،ضروری ہدایات جاری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سی پی او تنویر حسین کی ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں کے ساتھ کچہری کی سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر اہم میٹنگ ہوئی، جس میں صدر ڈسٹرکٹ بار میاں طارق، سیکرٹری کلیم اللہ گل، دیگر عہدیداران اور سینئر وکلا نے شرکت کی۔اس موقع پر کچہری کے داخلی و خارجی راستوں، چیکنگ سسٹم اور سکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لیا گیا۔ پیشی پر آنے والے سائلین اور فریقین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے مزید مؤثر سکیورٹی میکنزم پر اتفاق کیا گیا،اس موقع پر سی پی او تنویر حسین نے کہا کہ عدالتی احاطے کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وکلا برادری اور پولیس کے باہمی تعاون سے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔دریں اثناء سی پی او تنویر حسین نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے افسروں کے ساتھ بھی میٹنگ کی، جس میں ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک، ایس ایس پی انویسٹی گیشن احمد نواز شاہ، ریجنل آفیسر سی سی ڈی وسیم ریاض، ایس پی سی سی ڈی ملک طارق، سی ٹی او ناصر محمود، ٹاؤن ایس پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں جرائم کے خاتمے کیلئے مؤثر حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ سی پی او نے ہدایت کی کہ جرائم کے سدباب کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ تمام افسران کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔