ٹھیکریوالا :چک 66 دھاندرہ میں کوڑا جلانے پر شہریوں کا احتجاج
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) یونین کونسل 169 چک66 دھاندرہ میں کوڑے کو آگ لگانے کے واقعے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ستھرا پنجاب ٹیموں کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث قبرستان سے ملحقہ دیوار کے ساتھ قائم کوڑا اسٹینڈ پر جمع کوڑے کو ٹھکانے لگانے کی بجائے مبینہ طور پر آگ لگا دی گئی جس سے پورا علاقہ رات بھر شدید دھویں کی لپیٹ میں رہا۔مقامی افراد کے مطابق دھویں اور بدبو کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ،بچے ، بزرگ اور بیمار افراد زیادہ متاثر ہوئے ۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ عملہ دیگر علاقوں کا کوڑا بھی اسی جگہ جمع کرکے بعدازاں اسے جلا دیتا ہے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔اہلِ علاقہ نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔