میثاق سنٹر چناب نگر میں اقلیتی برادری کو سہولیات کی فراہمی
ایک ماہ میں1000سے زائد افراد مستفید،سہولیات فراہم کی جا رہیں :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ میثاق سنٹر چناب نگر میں اقلیتی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں اقلیتی برادری کی سہولت کے لیے خدمت مرکز کی 15 پولیس سروسز بھی میثاق سنٹر سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران میثاق سنٹر چناب نگر سے ایک ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے ۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ میں 298 لرنر پرمٹ، 90 لرنر پرمٹ رینیو، 315 ریگولر ڈرائیونگ لائسنس اور 4 انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ۔ اسی عرصے میں 55 پولیس ویریفیکیشن، 120 پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس اور 32 کرایہ داری اندراج سمیت دیگر پولیس سروسز بھی فراہم کی گئیں۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ میثاق سنٹر میں جدید تقاضوں کے مطابق اقلیتی برادری کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یہ سنٹر اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔