ستھرا پنجاب ، جلوس روٹس اور امام بارگاہوں پر اقدامات کا اعلان
جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں :عابد حسین
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عابد حسین بھٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں اور عزاداران کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کے سلسلے میں جلوسوں اور مجالس کے روٹس، مرکزی امام بارگاہ اور اطراف کے علاقوں کے تفصیلی دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن عطاء المحسن سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے آپریشن ونگ کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عزاداران کو صاف ستھرا اور سہل ماحول فراہم کیا جا سکے ۔