متنوع تعلیمی ترقی کے موضوع پر ایک روزہ سمپوزیم کا انعقاد
سمپوزیم میں ممتاز ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، محققین اور تعلیمی رہنماؤں کی شرکت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن، ایجوکیشن اینڈ رورل ڈیویلپمنٹ کے زیر اہتمام نیو سینیٹ ہال میں ‘‘بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں متنوع تعلیمی ترقی’’ کے موضوع پر ایک روزہ سمپوزیم منعقد کیا گیا۔ سمپوزیم میں ممتاز ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، محققین اور تعلیمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اور عالمی چیلنجز کے تناظر میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے جدید اور مؤثر حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔سمپوزیم سے ڈاکٹر بابر شہباز، ڈاکٹر انجم ناز، نواز خالد عربی، مسز فرینہ اسلم، ڈاکٹر شفقت رسول، ڈاکٹر عزیر الحسن، ڈاکٹر محسن رضا، ڈاکٹر ارم پروین، مسز خضرہ نور، ڈاکٹر رافع مزمل، جہانزیب طارق، ڈاکٹر سائرہ خاں اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔تقریب میں کلیدی خطابات اور تکنیکی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جن میں اساتذہ کی تربیت، تعلیمی نظم و نسق، عکاس تدریسی عمل، ڈیجیٹل تبدیلی، مساوات و شمولیت اور مستقبل کے تعلیمی ماحول کی تشکیل میں مصنوعی ذہانت کے کردار جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے ۔