چنیوٹ:بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانیکی ہدایت
عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل : ڈی سی
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، میونسپل کمیٹیوں کے نمائندگان اور ترقیاتی منصوبوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری خوبصورتی، سڑکوں کی مرمت و بحالی، گرین بیلٹس کی بہتری، شجرکاری مہم، صفائی ستھرائی کے اقدامات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں، چوکوں، پارکوں اور سرکاری عمارتوں کے اطراف صفائی اور تزئین و آرائش کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے ۔