محکمہ ہیلتھ کی خواتین اہلکار سکیورٹی نہ ملنے پر پریشان

محکمہ ہیلتھ کی خواتین اہلکار سکیورٹی نہ ملنے پر پریشان

محکمے کی جانب سے فیلڈ میں سکیورٹی اقدامات نہ کرنے پرسمن آباد میں خاتون کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر ہراسگی کا شکار ،ملزم کیخلاف کارروائی کی جارہی:ایس ایچ او

فیصل آباد(عاطف صدیق کاہلوں)محکمہ ہیلتھ پنجاب کی طرف سے فیصل آباد میں حالیہ تعینات کی گئی کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر خواتین اہلکار فیلڈ میں عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ محکمہ ہیلتھ کی جانب سے مبینہ طور پر تا حال خواتین اہلکاروں کی فیلڈ میں سکیورٹی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ہیلتھ متعلقہ خواتین کو فیلڈ میں ہراساں کرنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں ، گزشتہ روز بھی تھانہ سمن آباد کے علاقہ میں شدید ہراسگی کا شکار ہونے والی کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر خاتون نے پولیس کو درخواست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق درخواست دہندہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ سمن آباد کے علاقہ میں جنرل ہسپتال کے کی عقبی کالونی میں عثمان نامی شخص نے اسے اس وقت بازو سے پکڑ کر زبردستی گھر کے اندر کھینچنے کی کوشش کی جب اس نے دوران ڈیوٹی ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کسی خاتون کی گھر میں موجودگی نہ ہونے پر دروازے میں ہی کھڑا رہنا چاہا ،

جس پر مذکورہ ملزم نے خاتون کو بار ہا پہلے گھر کے اندر داخل ہونے کا کہا اور انکار پر زبردستی گھر کے اندر کھینچنے کی کوشش کی تاہم اس دوران بچ نکلنے والی سی ایچ آئی کی جانب سے گئی کال پر پولیس موقع پر پہنچی مگروہ اس اثنا میں ملزم کے فرار ہو جانے پر اسے گرفتار کرنے سے قاصر رہی ۔اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ سمن آباد طالش عباس جٹ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی درخواست اور نشاندہی پر ملزم کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ فیلڈ میں کام کرنے والی لیڈی ہیلتھ اہلکاروں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ محکمہ ہیلتھ تا حال خاتون سی ایچ آئیز کو سکیورٹی مہیا کرنے میں ناکام ہے جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ ماضی میں بھی دوران ڈیوٹی ایسے واقعات رو نما ہوتے رہے ہیں ، ورکر خواتین کے لواحقین نے محکمہ ہیلتھ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فیلڈ میں دوران ڈیوٹی خواتین کی سکیورٹی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ، یاد رہے کہ تقریباً 2 ماہ قبل محکمہ ہیلتھ پنجاب کی جانب سے 1700 سے زائد بے روزگار خواتین کو ایک سالہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی آسامیوں پر تعینات کیا گیا تھامگرانکی سکیورٹی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں