چین سے ایران تنازع میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی، بیجنگ نے اتفاق کیا: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں نے چین سے ایران کے تنازع میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر بیجنگ نے اتفاق کیا۔
میری لینڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں ایک ہفتے کے دوران ان کی سب چیزیں ختم کیں، ایران کی فضائیہ، نیوی اور دیگر عسکری طاقت ختم کر دی، ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، ایران کے ساتھ 60 دنوں میں حتمی ڈیل کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وینزویلا میں فتوحات حاصل کی ہیں، حتمی ڈیل نہ ہوئی تو ہم وہ کریں گے جس سے ایران کو خوشی نہیں ہوگی، مجھے نہیں لگتا کہ ایسا کچھ کرنا پڑے گا، حتمی ڈیل ہو جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے بڑی تعداد میں جہاز گزر رہے ہیں، آبنائے ہرمز سے اتنے جہاز گزر رہے ہیں ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا، آبنائے ہرمز سے جہاز گزرنے پر کمپنیاں بہت خوش ہیں، آبنائے ہرمز سے تقریباً 700 بحری جہاز گزر رہے ہیں، آبنائے ہرمز سے جہاز غیر معمولی انداز میں گزر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ چین کے صدر ستمبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے، میں بھی دوبارہ چین کا دورہ کروں گا، وہاں بڑی کانفرنس ہوگی، میں نے چین کے صدر کو کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں مداخلت نہ کریں، چین کے صدر نے میری بات مانی اور انہوں نے مداخلت نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین تقریباً 50 فیصد تیل اسی سٹریٹجک آبی گزرگاہ سے حاصل کرتا ہے، تاہم چینی صدر شی جن پنگ نے اس تنازع سے دور رہنے پر رضامندی ظاہر کی، چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ میں نے ان سے کہا تھا کہ ایران کے معاملے میں مداخلت نہ کریں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس یوکرین جنگ میں 34 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ روس یوکرین کی جنگ بندی ہو جائے۔