اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ: لبنان میں اسرائیلی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش
اسلام آباد:(دنیا نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی فونک رابطے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مبارک باد دی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعے کی شام کو ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط ہونے پر ایرانی قیادت حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے آغاز کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عمل خوش اسلوبی سے آگے بڑھے گا اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی تعمیری اور مسلسل سفارتی ثالثی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا، عباس عراقچی نے 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
ان افراد میں برطانیہ کی جانب سے سمندر میں ریسکیو کیے گئے 8 ایرانی ماہی گیر اور امریکا کی جانب سے حال ہی میں تحویل میں لیے گئے 22 عملے کے ارکان شامل ہیں، جن کی پاکستان کے ذریعے واپسی کے انتظامات جاری ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دوران گفتگو دونوں فریقین نے باہمی رابطوں اور مشاورت کے تسلسل کی اہمیت پر اتفاق کیا اور مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔