کوکیانوالہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 5افراد زخمی
ریسکیوٹیموں کی بروقت کارروائی: ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکال لیا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) تھانہ رضا آباد کے علاقے کوکیانوالہ روڈ پر ٹاؤن شپ میں بارش کے دوران ایک خستہ حال گھر کی چھت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔واقعے کے مطابق بارش کے باعث مکان کی کمزور چھت اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں گھر کے افراد ملبے تلے دب گئے ۔ زخمیوں میں پچپن سالہ امجد جاوید، ان کی بیوی چالیس سالہ تنزیلہ بی بی، سولہ سالہ بیٹی زینب بی بی، چودہ سالہ بیٹا عمر اور بارہ سالہ ابوبکر شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔