پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کااحتجاج
حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے :مقررین
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی واپسی کے مطالبے پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کمیٹی باغ سے شہباز چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے درج تھے ۔شہباز چوک پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے میاں ارشد جاوید ایڈووکیٹ، میاں محمد شعیب ایڈووکیٹ، میاں وحید انور کوکب ایڈووکیٹ، میاں وکیل احمد، ثناء اللہ مفتی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رکھا ہے جو ناانصافی ہے۔
قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، زرعی شعبہ اور روزمرہ اشیاء مہنگی ہوں گی جس کا بوجھ عام شہری، مزدور، کسان اور تنخواہ دار طبقہ برداشت نہیں کر سکتا۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے اور عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر ملک گیر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔مظاہرے کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور مہنگائی سے نجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔