ٹوبہ :ڈپٹی کمشنر کا ٹیکو پارک اور ڈبل روڈ منصوبے کا دورہ
ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار کیساتھ مکمل کریں :عمرعباس میلہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے شہر کے معروف ٹیکو پارک اور ایم 4 سے ایم 3 انٹرچینج تک زیر تعمیر ڈبل روڈ منصوبے کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کی رفتار و معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ٹیکو پارک کے دورے کے دوران انہیں اپ گریڈیشن منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جس کے تحت تاریخی یادگاروں کی بحالی، جدید واکنگ ٹریک، مصنوعی جھیل، بچوں کے جھولے ، بینچز، گزیبوز، راہداریوں پر ٹف ٹائلز اور باؤنڈری وال کی تعمیر جاری ہے ۔بعد ازاں انہوں نے ایم 4 سے ایم 3 انٹرچینج تک ڈبل روڈ منصوبے کا معائنہ کیا جہاں متعلقہ افسروں نے بریفنگ دی۔ جھنگ روڈ موٹروے انٹرچینج سے ریسٹ ہاؤس ٹوبہ تک ایک جانب اسفالٹ بچھانے کا کام جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔