امن وامان کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ، محرم جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت
امام بارگاہوں کے باہر نصب کیو آر کوڈز کے ذریعے پینک بٹن ایپلیکیشن کے استعمال سے متعلق منتظمین کو مکمل طور پر آن بورڈ لیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو سکے : وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے فیصل آباد ڈویژن کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد صوبائی وزراء نے مرکزی امام بارگاہ فیصل آباد اور مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کیا۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حساس مقامات اور فلیش پوائنٹس پر سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا امکان ختم کیا جا سکے ۔ محرم کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے اور شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ امام بارگاہوں کے باہر نصب کیو آر کوڈز کے ذریعے پینک بٹن ایپلیکیشن کے استعمال سے متعلق منتظمین کو مکمل طور پر آن بورڈ لیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو سکے ۔ سوشل میڈیا پر فیک نیوز، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کی مؤثر نگرانی کے لیے کوئیک رسپانس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔