ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، اڑتی دھول سے شہریوں کو مشکلات
کالج روڈ اور ساہیوال روڈ سمیت متعدد شاہراہوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر کی مختلف مرکزی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ اڑتی دھول اور مٹی سے سانس اور آنکھوں کے امراض میں اضافے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔شہریوں کے مطابق کالج روڈ اور ساہیوال روڈ سمیت متعدد شاہراہوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں۔ گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران اڑنے والی دھول نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہے بلکہ راہگیروں اور دکانداروں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنتی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ گردوغبار سے شہریوں کو روزمرہ زندگی میں دشواری اور مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کرائی جائے ، ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال کا نوٹس لیا جائے اور گردوغبار کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔