کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کھائی میں جا گری، 25 افراد جاں بحق

کوئٹہ: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے علاقے دانا سر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 25 افراد جان کی بازی ہار گئے

حکام کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، 8 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، بس میں 35 مسافر سوار تھے۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، دشوار گزار علاقے کے باوجود ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ولی کاکڑ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور قریبی ہسپتالوں میں منتقلی کا عمل جاری ہے، ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد تعداد کا تعین کیا جائے گا۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق بلوچستان کے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں