شہید علی خامنہ ای کے آخری دیدار پر ایران میں سوگ کی فضا، رقت آمیز مناظر
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا آغاز ہو گیا ہے، جسدِ خاکی کا دیدار کرایا جا رہا ہے، رقت آمیز مناظر دیکھے جا رہے ہیں۔
ایران کے سابق شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں جہاں ان کا جسد خاکی تہران کے امام خمینی حسینیہ سینٹر میں رکھا گیا ہے تاکہ عوام، رہنما اور معزز شخصیات آخری دیدار کر سکیں۔
دارالحکومت تہران میں تعزیتی تقریبات کے سلسلے میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، مصلیٰ الکبیر اور دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات نافذ ہیں جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت کے پیش نظر متعلقہ ادارے مسلسل تیاریاں کر رہے ہیں، آخری رسومات میں کم از کم دو کروڑ افراد کی شرکت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی وفات نے امتِ مسلمہ کو گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے، یہ سرخ سفر کا اختتام نہیں بلکہ اتحاد، استقامت اور ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم ہر آزمائش کے بعد پہلے سے زیادہ متحد، مضبوط اور پُرامید ہو کر ابھرتی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آخری رسومات میں بھرپور شرکت کر کے قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
تہران کے انقلاب چوک میں آیت اللہ علی خامنہ ای سے منسوب علامتی مٹھی بھی نصب کر دی گئی ہے جو آخری رسومات کی تیاریوں کا حصہ ہے جبکہ ملک بھر میں سوگ کی فضا نمایاں ہے۔
ادھر ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ نے امریکہ اور اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے دوران حملہ کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، جواب بہت سخت ہوگا۔