دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ
راولپنڈی: (دنیا نیوز) میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کی بھارت کے موضوع پر اہم نشست ہوئی، بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے بالخصوص پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے پر لگا ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، بھارت ایک ہندوتوا زدہ ناکام ریاست ہے تاہم اسے اپنے آپ کو بڑا دکھانے کی عادت ہو چکی ہے، بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اکھنڈ بھارت کا غیر حقیقی خواب اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے، ہندوتوا نظریہ نے بھارت کے سیکولر چہرے کو مسخ کر دیا ہے، بھارت کی فوج بی جے پی کی متشدد اور مذہبی سیاست کی نذر ہو چکی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے بتایا کہ تقسیم شدہ معاشرہ کی موجودگی میں بھارت کے شائنگ انڈیا ہونے کا نعرہ محض ایک ڈھکوسلہ ہے، بھارت کی ریاست درحقیقت ایک پولیس سٹیٹ کا نام ہے جس میں آزادی رائے اور فرینڈم آف پریس ریاستی کنٹرول میں رکھا جاتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس قتل عام کی شدت غزہ اور فلسطین سے بھی بڑھ کر ہوگی، ہندوستان میں پائی جانے والی تفریق اور اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم ہندوستان کی مزید تقسیم کا شاخسانہ بنیں گے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہندوتوا کے پیروکار یہ سمجھتے ہی نہیں ہیں کہ مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو بھی جینے کا حق ہے، بھارت کے مسلمانوں کیلئے زندہ رہنے کی پہلی شرط ہندوتوا سوچ کے سامنے اپنی وفاداری کا ثبوت دینا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں محصور ہیں جہاں ہر 7 سے 8 فرد پر ایک فوجی اہلکار تعینات ہے، بھارت آزادی کی تحریکوں کو چھپانے کیلئے پاکستان کا نام لے کر مختلف فالس فلیگ کا ڈھونگ رچاتا ہے جس کا مقصد دنیا کی توجہ بھی ہٹانا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی جنونیت اور اجارہ داری ایک مضبوط، خوشحال اور معتدل پاکستان کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے، پاکستان کے استحکام اور ترقی کو ہندوتوا کے پیروکار اپنی موت سمجھتے ہیں اسی وجہ سے بھارتی میڈیا اور سیاست دونوں پاکستان اور پاکستان کی افواج کے بارے میں بیانیہ بنانے میں الجھے رہتے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرکردہ لیڈر شپ بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ریاست پاکستان اور اس کی عوام بھارت سے نہ کبھی مرعوب تھے اور نہ ہی کبھی ہوں گے۔