جھنگ: جمعیت اہلحدیث آل پاکستان کانفرنس کی تیاریوں کا آغاز
حافظ ثاقب سرور ساقی نے شورکوٹ کے علاقوں بدھوآنہ اور لڈا ماہنی کا دورہ کیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علامہ سید سبطین شاہ نقوی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جھنگ کے امیر و ممبر امن کمیٹی حافظ ثاقب سرور ساقی نے شورکوٹ کے علاقوں بدھوآنہ اور لڈا ماہنی کا تنظیمی دورہ کیا اور درسِ قرآن و حدیث سے خطاب کیا۔علامہ سید سبطین شاہ نقوی نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ملک میں استحکام اور قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت، عظمتِ صحابہ کرامؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ کے تحفظ کے لیے 15 نومبر کو لاہور میں آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں ملک کے ہر صوبے ، ضلع، شہر اور گاؤں سے قافلے شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اہلحدیث کا ایک بھی کارکن زندہ ہے ، قرآن و سنت کے پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عظمتِ صحابہ کرامؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ کا دفاع ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔علامہ سید سبطین شاہ نقوی نے مزید کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر ڈاکٹر سینیٹر حافظ عبدالکریم اور ناظمِ اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی کی قیادت میں آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کی تیاریوں کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مرکزی قائدین جلد ملک گیر دورہ کریں گے ، رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے گا اور 15 نومبر کو لاہور میں اہلحدیث اپنی تنظیمی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔