ڈولفن فورس کی 6 ماہ میں کارروائیاں ، 160 سے زائد اشتہاری گرفتار، ناجائز اسلحہ برآمد
پٹرولنگ، ناکہ بندی، سنیپ چیکنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا گیا،منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 800سے زائد ملز موں کو گرفتار کیا گیا ، ون ویلنگ ، آ تشبازی پر بھی ایکشن
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر میں جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ڈولفن فورس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 160 سے زائد اشتہاری، 372 ریکارڈ یافتہ ملزمان اور 102 عدالتی مفروروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی ہدایات پر ڈولفن فورس کو ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، بھتہ خوری، تاوان اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک سونپے گئے ۔ پٹرولنگ، ناکہ بندی، سنیپ چیکنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا گیا۔
160 سے زائد اشتہاری، 372 ریکارڈ یافتہ ملزمان اور 102 عدالتی مفرور گرفتار کیے گئے ، جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے 120 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ڈولفن فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 800 سے زائد ملز موں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کیں، جبکہ ون ویلنگ، پتنگ بازی اور آتش بازی میں ملوث 150 سے زائد افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ۔چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 110 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔