زرعی یونیورسٹی کا انٹری ٹیسٹ ، 12 ہزار 678 امیدوار شریک
دوسرا ٹیسٹ 2 اگست کو ہوگا،وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی کا امتحانی مراکز کا دورہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں میں داخلوں کے لیے پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر کے 13 امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 12 ہزار 678 امیدواروں نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایات پر امیدواروں اور ان کے والدین کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے تاکہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر محمد مزمل جہانگیر کے مطابق فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لاہور، گوجرانوالہ، لیہ، دیپالپور (اوکاڑہ)، نارووال، راولپنڈی، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، بہاولپور اور بورے والا سمیت 13 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ فیصل آباد کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق وہ امیدوار جو پہلے انٹری ٹیسٹ کے لیے درخواست جمع نہیں کرا سکے ، انہیں دوسرے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ دوسرے انٹری ٹیسٹ کے لیے آن لائن رجسٹریشن 8 جولائی سے 24 جولائی تک جاری رہے گی، جبکہ انٹری ٹیسٹ 2 اگست کو منعقد ہوگا۔