نشہ آور ادویات کی فروخت ، شہریوں کی تشویش
میڈیکل سٹورز پر ایسی ادویات باآسانی دستیاب ہیں جنہیں قانون کے مطابق مستند ڈاکٹر کے نسخے پر فروخت کیا جا سکتا ہے ،متعلقہ اداروں کی نگرانی دکھائی نہیں دے رہی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت کی \\\"ڈرگ فری پنجاب\\\" مہم کے باوجود فیصل آباد میں مبینہ طور پر نشہ آور ادویات بغیر نسخے فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز اور فارمیسیوں کیخلاف مؤثر کارروائیاں شروع نہ ہونے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بعض میڈیکل سٹورز پر ایسی ادویات باآسانی دستیاب ہیں جنہیں قانون کے مطابق صرف مستند ڈاکٹر کے نسخے پر فروخت کیا جا سکتا ہے ، تاہم مبینہ طور پر ان کی غیرقانونی فروخت جاری ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کم عمر نوجوان اور نشے کے عادی افراد مختلف میڈیکل سٹورز سے یہ ادویات آسانی سے حاصل کر لیتے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر نگرانی اور کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
صحت عامہ سے وابستہ ماہرین کے مطابق آئس، ہیروئن اور دیگر روایتی منشیات کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ نشہ آور ادویات کی غیرقانونی فروخت کی روک تھام بھی ضروری ہے کیونکہ ان ادویات کا بے جا استعمال نوجوانوں کو جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی مسائل سے دوچار کر سکتا ہے اور بعض صورتوں میں انہیں سخت منشیات کی جانب بھی لے جا سکتا ہے ۔شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں میڈیکل اسٹورز کی خصوصی جانچ پڑتال کی جائے ، بغیر نسخے نشہ آور ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل اسٹورز کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جائیں تاکہ \\\"ڈرگ فری پنجاب\\\" مہم کے مقاصد مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments