بارش کے بعد کمشنرمتحرک، نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی
عمران حامد شیخ نے مشینری کا معائنہ کیا، اداروں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ بارش کے فوری بعد شہر کے مختلف علاقوں کے دورے پر پہنچ گئے اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لیے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔کمشنر نے ملت چوک، اقبال سٹیڈیم، اکبرآباد چوک، ستارہ ٹاور چوک، سوساں روڈ، فیضان مدینہ چوک اور دیگر پونڈنگ پوائنٹس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نکاسی آب کے لیے تعینات مشینری کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کو اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اکبرآباد چوک میں سڑک کے دونوں اطراف مشینری تعینات کروا کر خود بھی آپریشن کی نگرانی کی۔ انتظامیہ کے مطابق مؤثر اقدامات کے باعث بارش رکنے کے تقریباً 20 منٹ کے اندر اکبرآباد چوک سے 90 فیصد سے زائد پانی نکال دیا گیا۔کمشنر نے ملت چوک پر واسا کو بھاری مشینری کے ذریعے نکاسی آب تیز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ اقبال سٹیڈیم اور ریاض شاہد چوک میں بھی واسا کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔عمران حامد شیخ نے بتایا کہ بارش تھمنے کے دو گھنٹوں کے اندر شہر کے 38 نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی نکاسی مکمل کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران تمام انتظامی مشینری فیلڈ میں موجود رہے گی اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments