چالان مہم کے دوران پولیس کی ناکہ بندی سے ٹریفک جام، شہری شدید مشکلات کا شکار
مختلف شاہراہوں پر بیریئرز لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ اور چالان مہم جاری ، گاریوں کی لمبی قطاریں ،تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی عام ہو گئے ،ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنس جاتی ہیں
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر بھر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان مہم کے لیے قائم ناکہ بندی پوائنٹس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار مختلف شاہراہوں پر بیریئرز لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ اور چالان مہم جاری رکھتے ہیں، کئی مقامات پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے اس صورتحال سے نہ صرف روزمرہ آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ بعض اوقات شہریوں اور اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، کینال روڈ، ستیانہ روڈ، سرگودھا روڈ، نڑوالا روڈ، جیل روڈ، جھنگ روڈ، ڈی ٹائپ پل چوک، ناولٹی پل چوک، فیصل پل چوک، چوہڑ ماجرہ چوک، چناب چوک، زرعی یونیورسٹی چوک، جناح کالونی چوک، گلبرگ چوک، امام بارگاہ چوک، نڑوالا چوک، سلیمی چوک اور گیٹوں والا چوک سمیت متعدد مقامات پر ناکہ بندی کے دوران ٹریفک کو سنگل لائن سے گزارا جاتا ہے ، جس سے ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں کا یہ بھی مؤقف ہے کہ بعض اوقات ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنس جاتی ہیں، مریضوں کی بروقت منتقلی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے ۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) رانا ناصر جاوید نے کہا ہے ٹریفک کو بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments