کیڈٹ کالج جھنگ کے طلبہ کا پی اے ایف رفیقی بیس کا دورہ
ریڈار نظام، فضائی نگرانی، فضائی دفاع اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کیڈٹ کالج جھنگ کے طلبہ نے کمانڈنٹ مغیرہ بن صہیب کی قیادت میں پاک فضائیہ کے رفیقی ہوائی اڈے شورکوٹ کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید جنگی طیاروں کی عملی پروازوں کا مشاہدہ کرایا گیا اور فضائی دفاع کے جدید نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔دورے کے دوران پاک فضائیہ کے افسران اور ہوا بازوں نے طلبہ کو جنگی طیاروں کی عملی صلاحیت، ریڈار نظام، فضائی نگرانی، فضائی دفاع اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ دی۔ طلبہ نے جدید عسکری ہوا بازی کے مختلف شعبوں کا قریب سے مشاہدہ کیا، جس سے ان کے دفاعی شعور، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ معلومات میں اضافہ ہوا۔کمانڈنٹ مغیرہ بن صہیب نے رفیقی ہوائی اڈے کے بیس کمانڈر، افسران اور عملے کا پرتپاک میزبانی اور بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے طلبہ کی عملی تربیت اور قومی دفاع سے متعلق آگاہی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین، سابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔دورے کے اختتام پر طلبہ نے پاکستان کی مسلح افواج، خصوصاً پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاع وطن کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments