سعودی وزیر دفاع کی امریکی نائب صدر سے ملاقات، ایران سے کشیدگی میں کمی کا اعادہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) عراق میں ایران نواز گروپوں کے خلاف امریکا اور سعودی عرب کے مشترکہ فضائی حملوں کے بعد سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ہنگامی ملاقات کی۔
سعودی عرب نے واضح کیا کہ وہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بجائے تناؤ کم کرنے کی پالیسی پر قائم ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے ملاقات کا بنیادی مقصد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایران کے ساتھ جاری جنگ اور خطے کی صورتحال سے متعلق خصوصی پیغام امریکی نائب صدر تک پہنچانا تھا۔
سعودی وزیر دفاع نے امریکی نائب صدر کو بتایا کہ عراق کی ایران نواز ملیشیاؤں کی جانب سے سعودی بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی تنصیبات پر حملے ریڈ لائن عبور کرنے کے مترادف تھے، جس کے بعد سعودی عرب کے پاس جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے جے ڈی وینس کو بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کے حامی ہیں جبکہ سعودی عرب کا مؤقف ہے کہ کشیدگی میں کمی ہی زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز راستہ ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ولی عہد محمد بن سلمان چاہتے تھے کہ امریکی نائب صدر کو یہ واضح پیغام دیا جائے کہ عراق میں کیے گئے حملوں کا مقصد جنگ کو وسعت دینا نہیں بلکہ سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت اور اپنے تحفظ کے عزم کا اظہار تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments