پاکستان کا کویت کی جانب سے 2023 کے دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نے کویت کی جانب سے جون 2023 میں طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ یہ معاہدہ 1980 کی دہائی سے قائم پاکستان اور کویت کے دیرینہ دفاعی تعلقات میں ایک نئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  یہ اقدام دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے اور سکیورٹی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے سول اور عسکری حکام کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے بعد اس معاہدے کی توثیق عمل میں آئی، جس کا مقصد دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ معاہدہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس کے تحت فوجی تربیت و تعلیم، مشترکہ عسکری مشقیں، مہارتوں کا تبادلہ اور باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور کویت معاہدے کی شقوں کے مطابق اس پر عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، جس سے باہمی دفاعی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، معاہدے میں دفاعی پیداوار، الیکٹرانک مواصلاتی نظام، سائنسی تحقیق، عسکری میڈیا، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں تعاون بھی شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...