ٹیلی کام سروسز بلا تعطل رکھنے کیلئے وزارت آئی ٹی کی ہدایات جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ آئی ٹی نے مون سون بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزارت آئی ٹی نے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو محفوظ بنانے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ شدید بارشوں یا قدرتی آفات کے دوران مواصلاتی نظام متاثر نہ ہو۔

ذرائع وزارت آئی ٹی کے مطابق چاروں صوبوں میں 1122 ایمرجنسی کال سینٹرز مکمل طور پر فعال رہیں گے، جبکہ ان کا مرکزی رابطہ این ڈی ایم اے کے پاس ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں 1122 پر موصول ہونے والی تمام کالز پر فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ مؤثر ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی کال سینٹرز مسلسل پی ٹی اے کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

وزارت آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق گزشتہ سال سیلابی صورتحال کے دوران 27.8 ملین ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جبکہ قدرتی آفات کے دوران ملک بھر میں صرف 7 فیصد ٹیلی کام سائٹس متاثر ہوئیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ متاثر ہونے والی 99 فیصد ٹیلی کام سائٹس کو ایک ماہ کے اندر بحال کر دیا گیا تھا، جس سے ہنگامی حالات میں مواصلاتی نظام کی بحالی کی استعداد کا اندازہ ہوتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...