مہنگی ترین طلاق، عدالت کا سابقہ بیوی کو 644 ملین ڈالر دینے کا حکم

سیول: (ویب ڈیسک) صدی کی سب سے مہنگی طلاق جنوبی کوریا میں دنیا کے معروف میموری چپ بنانے والے ادارے ایس کے ہائنکس کمپنی کے ارب پتی مالک چی تے وون اور سابق صدر کی بیٹی رو سو یونگ کے درمیان ہوئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے ارب پتی کاروباری شخصیت چی تے وون کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے طلاق کے تصفیے کی رقم کم کرکے 644 ملین ڈالر مقرر کی، اس سے قبل سیول ہائی کورٹ نے 2024 میں انہیں اپنی سابقہ بیوی کو 940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ رو سو یونگ کو جوڑے کے مشترکہ ازدواجی اثاثوں کے تقریباً ایک تہائی کے برابر نقد رقم دی جائے، تاہم مجموعی ادائیگی کی رقم کو کم کرتے ہوئے 644 ملین ڈالر مقرر کیا گیا۔

مقامی میڈیا نے اس فیصلے کو گزشتہ 100 برسوں کی سب سے مہنگی طلاق قرار دیا ہے، تاہم قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ابھی حتمی نہیں، کیونکہ دونوں فریق دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

چی تے وون نے 1988 میں رو سو یونگ سے شادی کی تھی، رو سو یونگ جنوبی کوریا کے سابق صدر رو تے وو کی بیٹی ہیں، دونوں کے درمیان اختلافات کے بعد چی تے وون نے 2017 میں ثالثی کی کوشش ناکام ہونے پر عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی، جبکہ 2022 سے یہ مقدمہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...