پاکستانی فٹ بال ٹیم فیفا آسیان کپ میں حصہ لے گی
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی مردوں کی فٹ بال ٹیم پہلی بار فیفا کے زیرِ اہتمام آسیان کپ میں حصہ لے گی۔
ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں ہوگا، مارچ میں قومی خواتین ٹیم کی فیفا سیریز میں شرکت کے بعد اب مردوں کی قومی ٹیم بھی ستمبر میں فیفا آسیان کپ کے افتتاحی ایڈیشن میں حصہ لے کرملکی تاریخ رقم کرے گی۔
پاکستان اُن 14 ٹیموں میں شامل ہے جو اس نئے ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گی، جبکہ شاہینز اُن 3 مدعو ٹیموں میں شامل ہیں جو آسیان خطے سے باہر سے اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گی، دیگر 11 ٹیمیں جنوب مشرقی ایشیا سے تعلق رکھتی ہیں۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ ہم فیفا کے صدر جیانی انفینتینوکے تہہ دل سے مشکور ہے کہ انہوں نے مختصر عرصے میں ہمیں دوسرے فیفا ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کیا، میں نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ پاکستان فٹبال کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، تاریخی کامیابیاں حاصل کریں گے اور ہماری قومی ٹیموں کو ایسے عالمی مواقع فراہم کریں گے جو ماضی میں کبھی میسر نہیں آئے۔ محسن گیلانی نے نے مزید کہا کہ آج ہم اس وعدے کو عملی شکل اختیار کرتے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ جنوب مشرقی ایشیا میں فٹبال کے روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور خطے بھر کے شائقین کو عالمی معیار کے مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گا، فیفا آسیان کپ کا مقصد اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد، علاقائی تعاون کو فروغ دینا اور شائقین کے لیے کھیل سے جڑنے کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments