ای سی سی کی گندم درآمدی طریقہ کار کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی درآمد کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق کمیٹی نائب وزیراعظم کی سربراہی میں کام کرے گی اور ملک میں گندم درآمد کی ضرورت، صوبوں کی طلب اور درآمدی عمل کے آپریشنل طریقہ کار کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کرے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ سٹیئرنگ کمیٹی میں متعلقہ وفاقی وزراء، سیکرٹریز، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے چیئرمین شامل ہوں گے۔
کمیٹی گندم کی درآمد کے مجوزہ نظام اور صوبوں کی ضروریات کے مطابق مربوط حکمت عملی تیار کرے گی تاکہ سپلائی اور طلب میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ورچوئلی منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، متعلقہ حکام اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور گندم کی درآمد سے متعلق مختلف تجاویز اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments