مون سون ،ڈینگی کیخلاف سرگرمیاں مزید تیز کر نیکافیصلہ
کباڑ خانوں، ٹائر کی دکانوں اور زیر تعمیر عمارتوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مون سون کے موجودہ موسم کے پیش نظر ڈینگی کے تدارک کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نعمان صدیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، نگرانی اور انسدادی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون کی بارشوں کے دوران ڈینگی مچھر کی افزائش کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے تمام محکمے مکمل طور پر چوکس رہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد کسی بھی مقام پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور ڈینگی کے حساس مقامات کی ہر صورت نگرانی کی جائے ۔ انہوں نے کباڑ خانوں، ٹائر کی دکانوں اور زیر تعمیر عمارتوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔نعمان صدیق نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی ٹیمیں میدان میں متحرک رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی رپورٹ جمع کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیلڈ سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مون سون کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اپنے گھروں کی چھتوں، گملوں، پانی کے برتنوں اور ٹینکیوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments