گوجرہ:کھلے عام پٹرول کی مہنگے داموں فروخت، حادثات کا خدشہ
گوجرہ (نمائندہ دنیا)مونگی ذیل کے مختلف دیہات میں کھلے عام پٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ، جہاں مبینہ طور پر مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت وصول کی جا رہی ہے ۔
بعض مقامات پر پٹرول 500 روپے فی لٹر تک فروخت کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق متعدد افراد نے مختلف دیہات میں ٹینک نصب کرکے کھلے عام پٹرول اور ڈیزل کی فروخت شروع کر رکھی ہے ۔ یہ بھی الزام سامنے آیا ہے کہ بعض مقامات پر ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے ، جس سے شہریوں کو مالی نقصان کیساتھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جہاں یہ ایندھن فروخت کیا جا رہا ہے وہاں آگ سے بچاؤ کے لیے کوئی حفاظتی انتظامات موجود نہیں۔ دکانوں پر نہ آگ بجھانے والے آلات رکھے گئے اور نہ ہی حفاظتی اصولوں پر عمل کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث کسی بھی وقت آتشزدگی کا بڑا حادثہ پیش آنے کا اندیشہ ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی جانب سے اس صورتحال کا مؤثر نوٹس نہیں لیا جا رہا۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر کھلے ایندھن کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments