جھنگ:غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا
کاروباری اور گھریلو معمولات بری طرح متاثر ،حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، شدید گرمی میں بجلی کی بار بار بندش کے باعث عوام دن اور رات کے سکون سے محروم ہوگئے ۔ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 گھنٹے تک پہنچنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔شہریوں کے مطابق اوقات نماز کے دوران بھی بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے ، جبکہ شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش نے بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت تمام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ دن بھر سکول و کالج سے واپس آنے والے طلبہ کو رات کے اوقات میں بار بار بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس سے ان کی پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے۔
دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہورہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار بجلی بند ہونے سے کاروباری امور معمول کے مطابق انجام دینا مشکل ہوگیا ہے جبکہ گھریلو معمولات بھی بری طرح متاثر ہیں۔شہریوں نے واپڈا جھنگ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے ۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری رہا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments