نمبردار کنونشن ، سموگ کی روک تھام،ماحول دوست زراعت پر آگاہی
فضائی آلودگی کے اسباب اور اس کی روک تھام کیلئے کسانوں کے کردار پر آ گاہی دی گئی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد کی زیر نگرانی نمبردار کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کنونشن میں محکمہ زراعت کے افسران، فیلڈ سٹاف اور نمبرداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کو سموگ کے مضر اثرات، فضائی آلودگی کے اسباب اور اس کی روک تھام کے لیے کسانوں کے کردار کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا اہم سبب بنتا ہے ، لہٰذا کاشتکار فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں اور ماحول دوست طریقہ کار اپنائیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد نے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں اور نمبرداروں کو سموگ کی روک تھام، فصلوں کی باقیات کو محفوظ اور مؤثر طریقے سے تلف کرنے اور ماحول دوست زرعی طریقوں کے فروغ کے حوالے سے مسلسل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون بھی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے نہایت ضروری ہے ۔کنونشن کے اختتام پر محکمہ زراعت کی جانب سے نمبرداروں میں سبزیوں کی کاشت کے فروغ کے لیے مختلف اقسام کے سبزیوں کے بیج بھی تقسیم کیے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments