ٹوبہ :سیلاب متاثرہ دو سرکاری سکولوں کی تعمیر و بحالی مکمل
پاک فوج نے ہمیشہ مشکل حالات میں قوم کے شانہ بشانہ کام کیا :ماہم آصف
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاک فوج کے تعاون سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2025ء کے سیلاب سے متاثرہ دو سرکاری سکولوں کی تعمیر نو اور بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے تعمیر و بحالی کے بعد گورنمنٹ پرائمری سکول چک نمبر 776 گ ب، مرکز اروتی اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول چک نمبر 734 گ ب، کمالیہ کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریبات میں اسسٹنٹ کمشنر پیر محل زاہد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی، لیفٹیننٹ کرنل جہانگیر اشرف، میجر سجاد، سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل، محکمہ تعلیم کے افسروں ، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل حالات اور قدرتی آفات کے دوران قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عوام کی خدمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ تعلیمی اداروں کی تعمیر نو اور بحالی بچوں کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اہم اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے دونوں سکولوں کی تعمیر نو اور بحالی قومی خدمت اور تعلیم دوستی کی قابل تحسین مثال ہے ۔ نئی تعمیر شدہ اور بحال عمارتوں سے علاقے کے بچوں کو محفوظ، بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے گا، جس سے وہ بلا تعطل اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments